لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی نے سیشن، گارڈین اور فیملی مقدمات کو جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مہینے میں مقدمات نمٹانے کا ٹارگٹ پورا کیا جائے۔ چیف جسٹس نے سیشن، فیملی اور گارڈین مقدمات کو نمٹانے کا ٹارگٹ پورا کرنے والے سیشن ججوں کو سراہا ہے جبکہ مقدمات کو نمٹانے کا ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے اضلاع کے سیشن ججز کو ایک ماہ میں مقدمات نمٹانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر، بھکر، چنیوٹ، جہلم، خانیوال، خوشاب، لیہ، لودھراں، منڈی بہائوالدین، میانوالی، ننکانہ صاحب، نارووال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، ساہیوال، چکوال، حافظ آباد، قصور، مظفر گڑھ، اوکاڑہ، سرگودھا، شیخوپورہ اور وہاڑی کے اضلاع نے 2019ء تک کے دائر فیملی مقدمات کے فیصلے کرنے کا ٹارگٹ پورا کیا ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے جدید سہولیات سے آراستہ لاہور ہائیکورٹ کے نئے ایڈمن بلاک کا افتتاح کردیا،اس موقع پر جسٹس ملک شہزاد احمد،جسٹس شاہد وحید، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس مس عالیہ نیلم، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز علی رضوی، جسٹس جواد حسن، جسٹس شاہد جمیل خان، جسٹس شہرام سرور، جسٹس اسجد جاوید گورال اور جسٹس عاصم حفیظ، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عرفان احمد سعید، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری ارشد مسعود، سیشن جج ہیومن ریسورس عبدالرشید عابد، ڈی جی کیس مینجمنٹ شازب سعید، لاہور ہائیکورٹ کے افسران اور ملازمین بھی موجود تھے،چیف انجینئر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدید سہولیات سے آراستہ نو تعمیر شدہ ایڈمن بلاک بلڈنگ 11 فلورز پر مشتمل ہے، جس میں 2 منزلہ بیسمنٹ بھی شامل ہے۔نو تعمیر شدہ ایڈمنسٹریشن بلاک میں لاہور ہائیکورٹ کی تمام برانچز ایک جگہ یکجا کرنے میں مدد ملے گی۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی اور ججز نے بلڈنگ کے مختلف فلورز کا دورہ بھی کیا اور بہترین کام کے معیار کو سراہا۔
سیشن، فیملی، گارڈین مقدمات کو ایک ماہ میں نمٹانے کا ٹارگٹ پورا کیا جائے: چیف جسٹس ہائیکورٹ
Apr 12, 2022