قا زق نائب وزیر دفاع کی جنرل ندیم سے ملاقات ، دفاعی تعاون بڑ ھانے پر گفتگو 

Apr 12, 2022


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) قازقستان کے نائب وزیر دفاع  لیفٹیننٹ جنرل خسینوف مارات رخیمووچ  نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ سٹرٹیجک امور خصوصا افغانستان میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔ علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل خسینوف مارات رخیمووچ نے دو طرفہ سلامتی، فوجی تبادلوں اور مشترکہ مشقوں کے ضمن میں دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیئرمین جوائنٹس چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان خطے کے ممالک کے ساتھ دفاعی تعلقات کے تناظر میں قازقستان کے ساتھ اپنے موجودہ دوطرفہ ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر لیفٹیننٹ جنرل خسینوف کو تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

مزیدخبریں