اردگان‘ مودی کی شہباز کو مبارکباد: دیرینہ تعلقات کی قدر کرتے،امریکہ: دوستی پر اثر نہیں پڑیگا: چین

Apr 12, 2022

اسلام آباد‘ انقرہ‘ نئی دہلی ‘واشنگٹن(نوائے وقت رپورٹ + شنہوا) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ اپنی ٹویٹ میں نریندر مودی نے مزید کہا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ خطے میں امن اور استحکام ہو تاکہ ہم ترقیاتی چیلنجز اور لوگوں کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کر سکیں۔ خیال رہے کہ شہباز شریف ملک کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں اور سب سے پہلے ترک صدر نے انہیں فون کر کے مبارکباد دی ہے۔ اردگان نے کہا کہ آپ کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خبر پر بے حد مسرور ہوں۔ یقین ہے آپ کی قیادت میں پاک ترکی برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔ شہباز شریف نے اردگان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکی بااعتماد بھائی ہیں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید قربت لانا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق چینی سفارتخانے نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں سیاسی تبدیلی کا پاک چین دوستی پر کوئی اثر نہیں ہو گا۔ پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات میں ثابت قدم رہیں گے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا پاکستان کی سیاسی صورتحال میں تبدیلی باہمی تعلقات کی مجموعی صورتحال پر اثرانداز نہیں ہو گی۔امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ جمہوری اور خوشحال پاکستان امریکی مفاد میں اہم ہے۔ پاکستان کے داخلی معاملات پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔

مزیدخبریں