لاہور( این این آئی)علاج کے لئے لندن میں مقیم تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر خان ترین کو ڈاکٹرز نے سفر کی اجازت دے دی، جہانگیر ترین 16 اپریل کی صبح نجی ائیر لائنز کی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچیں گے۔بتایا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے 15اپریل کو لندن سے لاہور کے لئے ٹکٹ بک کر الی ہے ۔ ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے بتایا کہ گروپ کے تمام اراکین ایئرپورٹ پر جہانگیر ترین کا استقبال کریں گے۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جہانگیر ترین کی وطن واپسی پر گروپ کی آئندہ سیاست کے حوالے سے لائحہ عمل تشکیل دے کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ جہانگیر ترین تحریک انصاف کے تمام ناراض دھڑوں سے ملاقات کریں گے جن میں عبد العلیم خان، چوہدری سرور، اسد کھوکھر اور دیگر سے ملاقات ہوں گے اور امکان ہے کہ ایک پلیٹ فارم سے سیاست میں متحرک کردار ادا کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی وطن واپسی پر متحدہ اپوزیشن کے وزارت اعلی کے امیدوار حمزہ شہباز سے بھی ملاقات متوقع ہے ۔