وزیراعظم بنتے ہی ایم کیو ایم کے شہباز شریف سے شکوے شروع

Apr 12, 2022

 اسلام آباد (آئی این پی) اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے وزیراعظم بنتے ہی شہباز شریف سے شکوہ کر دیا۔ ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے نومنتخب وزیراعظم کے خطاب میں متحدہ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کا ذکر نہ کرنے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے وفاق اور سندھ کی سطح پر ایم کیو ایم سے معاہدہ کیا۔ ایم کیوایم نے اپوزیشن کا ساتھ دیا اسی لیے شہبازشریف وزیراعظم بنے۔ شہبازشریف کے خطاب میں معاہدے کا اعلان ہونا چاہیے تھا۔ وسیم اختر نے کہا کہ شہباز شریف نے ایم کیو ایم کیساتھ معاہدہ کیا تھا انہیں اعلان کرنا چاہیے تھا۔ متحدہ اپوزیشن کے ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے کے سلسلے میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے رابطہ کیا۔ بلاول بھٹو نے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے اعلیٰ اختیارات کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ کمیٹی کو 15 روز میں معاہدے پر عملدرآمد کے آغاز کیلئے روڈ میپ کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں