آرٹیکل 63 اے کی تشریح‘ پی ٹی آئی نے  فل کورٹ بنچ کیلئے درخواست دائر کر دی

Apr 12, 2022

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں پارٹی پالیسی سے انحراف سے متعلق آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق'' صدارتی ریفرنس ''کی سماعت کیلئے فل کورٹ بنچ  تشکیل دینے کے لئے ایک نئی متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔ سوموار کے روز پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی۔ متفرق درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ صدارتی ریفرنس میں اہم قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں لیکن کیس کی سماعت کے لیے تشکیل کردہ پانچ رکنی لارجر بنچ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق از خود نوٹس کیس میں آرٹیکل  63 اے کے بارے میں آبزرویشن دے چکا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ یہ معاملہ فل کورٹ بنچ کے روبرو رکھا جائے۔ دوسری طرف سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے پر صدارتی ریفرنس کی آج منگل کو ہونے والی سماعت مئوخر کر دی۔ صدارتی ریفرنس کی سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی درخواست پر مئوخر کی گئی۔

مزیدخبریں