جکارتہ(این این آئی)انڈونیشیا اورامریکہ کی افواج کے درمیان سالانہ جنگی مشقوں میں رواں سال ایک درجن سے زیادہ ممالک شامل ہوں گے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق انڈونیشیا کی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ گرودا شیلڈکے نام سے مشترکہ فوجی تربیتی مشقوں میں برطانیہ، آسٹریلیا اورجاپان سمیت 14 ممالک کی افواج شرکت کریں گی اور وہ یکم سے 14 اگست تک انڈونیشیا کے جنوبی جزیرے سماٹرااور بورنیو جزیرے کے مشرق میں بری اورساحل سمندر پراترنے کی مشقوں میں حصہ لیں گی۔انڈونیشیا کے فوجی ترجمان البرٹ تمبونان نے بتایا کہ 2009 میں گرودا شیلڈ کے قیام کے بعد یہ سب سے بڑی فوجی مشقیں ہوں گی۔جکارتہ میں امریکی سفارت خانے میں دفاعی تعاون کے دفترکے سربراہ ایان فرانسیس نے توسیع شدہ جنگی مشقوں کو انڈونیشیا کی فوج کی مسلسل صلاحیت اور شراکت داروں کے ساتھ زیادہ وسیع پیمانے پر کام کرنے کی رضامندی کا فطری اضافہ قراردیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ اس سے واقعی ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا کے انڈونیشیا کے ساتھ سلامتی کے شعبے میں تعاون اور تعلقات بڑھ رہے ہیں۔ان فوجی مشقوں میں شرکت کرنے والے ممالک کی مکمل فہرست ابھی تک جاری نہیں کی گئی ۔یہ اعلان گذشتہ ماہ امریکا کی بحرہند، بحرالکاہل میں فوجی کمان کی قیادت کرنے والے ایڈمرل جان عقلینو کے جکارتہ کے دورے کے بعد کیا گیا ۔وہ خطے میں تمام امریکی فوجی سرگرمیوں کے نگران ہیں۔ایک امریکی عہدہ دارنے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق 3000 فوجی ان مشقوں میں شرکت کریں گے۔