لاہور ( کامرس رپورٹر) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک نے میاں شہباز شریف کو قائد ایوان کی حیثیت سے قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ گزشتہ روز اپنے مبارکباد کے پیغام میں افتخار علی ملک نے کہا کہ تمام اتحادیوں نے انہیں معاشرے کے تمام طبقات اور پسے ہوئے لوگوں کی اُمنگوں پر پورا اترنے کیلئے ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو اس بات پر فخر ہے کہ شہباز شریف جمہوری عمل کے ذریعے منتخب ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی طرف سے وزیر اعظم کو جلد چارٹر آف اکانومی پیش کیا جائے گا تاکہ خوشحالی اور ترقی کے نئے دور کے آغاز کیساتھ ساتھ محروم طبقات کی سماجی و اقتصادی حالت کو بھی بہتر بنایا جاسکے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے سابق صدر شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے لاہور چیمبر کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ شہباز شریف کا وزیراعظم پاکستان منتخب ہونا کاروباری برادری کیلئے حوصلہ افزا ہے، امید ہے کہ شہباز شریف قومی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وزیراعظم پاکستان کی حیثیت ذمہ داریاں نبھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، لاہور چیمبر ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
سارک چیمبر کی شہباز شریف کووزیراعظم بننے پر مبارکباد
Apr 12, 2022