ملتان(خبر نگار خصوصی )ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کاشتکار کپاس کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں۔ زمین کی تیاری اس طرح کی جائے کہ کھیت ہموار، زمین نرم اور بھربھری ہو۔ اس ضمن میں بْر والے اور بغیر بْر والے بیج کے تھیلے پر 1 ہزار روپے فی بیگ سبسڈی فراہمی جاری ہے۔ یہ سبسڈی تھیلوں میں موجود واؤچر کے ذریعے کاشتکاروں کو فراہم کی جائے گی۔ بی ٹی اقسام کے ساتھ 10 فیصد رقبہ نان بی ٹی اقسام بھی کاشت کریں ۔ ڈرل سے کاشتہ فصل کیلئے پہلی آبپاشی بوائی کے 30 تا 35 دن بعد اور بقیہ 12 سے 15 دن کے وقفے سے کریں۔
پٹڑیوں پر کاشتہ فصل کیلئے بوائی کے بعد پہلا پانی 3 تا4 دن، دوسرا، تیسرا اور چوتھا پانی 6 تا 7 دن کے وقفے سے جبکہ بقیہ پانی 12 دن کے وقفے سے حسب ضرورت لگائیں۔ 20 اپریل تک کاشتہ فصل کیلئے 15 ہزار سے 17 ہزار 5 سو جبکہ 21 اپریل تا 10 مئی تک کاشتہ فصل کیلئے 17 ہزار 5 سو سے 20 ہزار تک رکھیں۔
زمین کی تیاری اس طرح کی جائے کھیت ہموار، زمین نرم اور بھربھری ہو: محکمہ زراعت پنجاب
Apr 12, 2022