سانحہ نشترپارک عید میلاد مصطفی ؐ کے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے ، ثروت اعجاز قادری

Apr 12, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) سر براہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ انصاف کی بالادستی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے محب وطن قوتوں کو آگے لانا ہوگا ،انتہاپسندی ،دہشتگردی اور کرپشن و اقرباء پروری نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے ،سانحہ نشترپارک عید میلاد مصطفی ﷺ کے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے ،سانحہ نشترپارک کو16سال ہوچکے مگر اصل کرداروں کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جاسکا ،ہمارے  علماء و قائدین اہلسنت نے ملک کی سلامتی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور دنیا کو پیغام دیا دین کی سربلندی اور ملک کی سلامتی کے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کرنا چاہیے،عدالتوں اور اداروں نے سانحہ نشترپارک کے شہداء کے لواحقین کو انصاف نہیں دلایا جو انصاف کے منافی ہے ،اہلسنت ملک کی پرامن اور اکثریت ہیں مگر ہمارے ہی حقوق کو غصب کیا جارہا ہے ،سانحہ نشتر پارک کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچادیا جاتا تو دہشتگرد کمزور ہوجاتے ،آج بھی ہمارا مطالبہ ہے کہ سانحہ نشترپارک کے دہشتگردوں کو گرفتارکرکے نشترپارک میں ہی پھانسی دی جائے ،دین اسلام امن وسلامتی کے ساتھ انصاف کی فوری فراہمی کا حکم دیتا ہے ،حکمران عوام کو انصاف دہلیز پر فراہم کریں اور دہشتگردوں کے خلاف نرم رویہ ختم کردیں تو ملک میں امن قائم ہوجائیگا ،ان خیالات کا اظہار سانحہ نشترپارک عید میلادلنبی ﷺ کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ سانحہ نشترپارک کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دینگے ،ہمارے شہداء کے خون کا اثر ہے کہ آج ملک میں دہشتگردوں کے خلاف  آپریشن جاری ہے ،امیر شہدائے میلاد مصطفی شہید محمد عباس قادری نے ملک کی سلامتی اور دین کی سربلندی کیلئے گرانقدر قربانیاں دیں ،اہلسنت کے حقوق کے حصول کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا ہم اپنے شہید قائدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کی سلامتی اور دین کی سربلندی کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے ،دہشتگردوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ملک میں رہ کر ہی عوام کی خدمت انجام دیتے رہینگے ۔

مزیدخبریں