کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) دوسرے نیا ناظم آباد رمضان کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ ایونٹ کے آٹھویں میچ میں برما آفریدی کورنگی نے بابل اسپورٹس لیاری کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے اسٹرائیکر سہیل خان نے ہیٹرک اسکور کی۔ نیا ناظم آباد فٹبال گراونڈ میں برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے گئے میچ میں برما آفریدی اور بابل اسپورٹس کے درمیان مقابلہ پہلے ہاف میں بغیر کسی گول کے برابر رہا۔کھیل کے پچپن ویں منٹ میں بابل اسپورٹس کے شاکر خان نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
جسے پندرہ منٹ بعد برما آفریدی کے سہیل خان نے گول کرکے کے ختم کردیا۔ برما آفریدی کے سہیل خان نے تیہتر ویں منٹ میں بال کودوبارہ جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔ سہیل نے آخری لمحات میں ایک اور گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی کردیا۔ بابل اسپورٹس کے کھلاڑیوں ے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی اسپورٹس پروموٹر انیس یونس نے شاندار کھیل پیش کرنے پر برما آفریدی کے سہیل خان کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔ انیس یونس کا کہنا تھا کہ صحت مند معاشرے کے لیے کھیلوں کا انعقاد نہایت ضروری ہے۔ کھیل انسان کو نظم و ضبط اور برداشت سیکھاتا ہے۔ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن کھلاڑیوں کی اسپورٹس مین اسپرٹ بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے نیا ناظم آباد کی انتظامیہ عارف حبیب کی سربراہی میں صرف کرکٹ نہیں بلکہ فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کے انعقاد کے لیے بھی کوشاں ہے جو کہ زندہ قوم کی نشانی ہے۔ ٹورنامںٹ میں ٹورنامنٹ میں آج منگل کو رات گیارہ بجے شاہد میموریل کا مقابلہ کراچی یونائیٹڈ سے ہوگا۔
نیا ناظم آباد رمضان کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں برما آفرید ی کورنگی کامیاب
Apr 12, 2022