لاہور واشنگٹن (این این آئی) امریکی رکن کانگریس ٹڈ لیو کی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے۔ امریکی ٹی وی کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں امریکی رکن کانگریس نے عمران خان سے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال اور جمہوریت کو مبینہ خطرات پر بات کی۔ ٹڈ لیو نے عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ امریکی محکمہ خارجہ سے کہا جائے گا کہ وہ پاکستان میں مبینہ غیرمنصفانہ اقدامات پر مداخلت کرے۔ پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ ڈاکٹر آصف نے ٹڈ لیو کی عمران خان سے بات کرائی تھی۔ پنجاب بار کونسل کے ممبر چوہدری بابر وحید نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔ وکلاءکے وفد نے عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی۔ صدر سانگلہ ہل بار محمد عمران مشتاق بٹالوی، سیکرٹری سانگلہ ہل بار خضر حیات، سابق صدر سانگلہ ہل بار علی حیدر چٹھہ شامل، نائب صدر سانگلہ ہل بار محمد احمد، نائب صدر لاہور بار میاں شرجیل اور چوہدری غلام مرتضی، سابق نائب صدر لاہور بار ندیم ضیا بٹ ،ایڈووکیٹ ہائیکورٹ عدیل اصغر ہاشمی، ملک بابر حسین، حمزہ ساجد چوہدری، زبیر علی اور میاں زبیر وحید بھی شمولیت اختیار کرنے والوں میں شامل تھے۔ وکلاءرہنماﺅںنے ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی و خود مختاری اور جمہوریت کے تحفظ و استحکام کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کے موقف کی مکمل تائید کا اعلان کیا ۔ عمران خان نے کہا کہ آئین کی حفاظت اور قانون کی بالا دستی کےلئے جدوجہد میں وکلاءکا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔ وکلاءکو موجودہ حالات میں اپنی بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے معاملے پر تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت زمان پارک میں ہو گا، اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ نئے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی نامزدگی کیلئے مختلف ناموں پر مشاورت کی جائے گی، سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے حوالے سے قانونی معاملات پر بھی مشاورت ہو گی۔
عمران ملاقات
بار کو موجودہ حالات میں بھر پور آواز اٹھانی چاہئے ، عمران
Apr 12, 2023