مقبوضہ کشمیر میںجی 20 اجلاس پر پاکستان کا شدید احتجاج ، بھارتی اقدام غیر قانونی قرار دیدیا 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان نے 22سے 24مئی کو سر ی نگر میں جی 20 ٹورزم ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد کرانے کے بھارتی اقدام کو غیر قانو نی قرا ر دیتے ہوئے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نوجوانوں کے امور پر ایک مشاورتی فورم (وائی 20) کے بھارت کے غیرقانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دو دیگر اجلاسوں کا لیہہ اور سری نگر میں شیڈول بھی اتنا ہی پریشان کن ہے۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے تازہ ترین اقدامات کی کڑی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ان اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔ اس طرح کے اقدامات جموں و کشمیر کی حقیقت کو چھپا نہیں سکتے جو کہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے موجود ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نہ ہی اس طرح کی سرگرمیاں مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی غیرقانونی کوششوں سمیت بھارت کے غیرقانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں پر بھارت کے وحشیانہ جبر سے بین الاقوامی برادری کی توجہ ہٹاسکتی ہیں۔ بیان کے مطابق بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جی 20 ایونٹس کی میزبانی کرنے کے اپنے فیصلے کے ساتھ بھارت ایک بار پھر ایک اہم بین الاقوامی گروپ کی اپنی رکنیت کا فائدہ اٹھا رہا ہے تاکہ اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھایا جاسکے۔

ای پیپر دی نیشن