اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا دورہ کیا، انہیں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی تکنیکی صلاحیتوں، جاری منصوبوں کی پیشرفت، مقامی بنانے کی کوششوں اور حال ہی میں کیے گئے جدید اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ایچ آئی ٹی کی مختلف فیکٹریوں کا دورہ کیا اور پاک فوج کے لیے ٹینکوں، اے پی سیز، بہتر حفاظتی حل، ریموٹ ویپن سسٹمز اور دیسی ساختہ 155 ایم ایم آرٹلری گن بیرل کی تیاری، دوبارہ تعمیر اور اپ گریڈیشن کا مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف نے ریمارکس دیئے کہ ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا ملکی معیشت اور R&D کا مرکز ہے جو دفاعی پیداوار میں خود انحصاری حاصل کرنے اور قومی برآمدات اور معیشت میں حصہ ڈالنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ آرمی چیف نے اپنے اہلکاروں کی صلاحیتوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ایچ آئی ٹی کو مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں (LEAs) کی ضروریات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق پورا کرنے کے لیے جدید دفاعی پیداوار کے ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے افسروں اور افرادی قوت کے عزم کو سراہا۔ قبل ازیں آمد پر چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔