بے گھر بچوں، صنفی جرائم کا شکار خواتین‘ٹرانسجینڈرکی مدد مشترکہ ذمہ داری :آئی جی 


لاہور (نامہ نگار)آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے کے تمام تحفظ سنٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی اور اے آئی جی ایڈمن کو تحفظ سنٹر سٹاف کو درپیش مشکلات کو فوری حل کرنے کے احکامات دئیے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ معاشرتی عدم توجہ اور مشکلات کے شکار لاچارشہریوں، بے گھر بچوں، صنفی جرائم کا شکار خواتین اور ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے افراد کی مددو حفاظت معاشرے اور پولیس کی مشترکہ ذمہ داری ہے، لہذا تحفظ سنٹر سٹاف اس کارِ خیر کو انسانی ہمدردی اور جذبہ خدمت سے سرشار ہوکر سر انجام دیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں قائم تحفظ سنٹرز کمیونٹی پولیسنگ کے منفرد کام کرکے دکھی انسانیت کی خدمت اور حفاظت میں اپنا فعال کردار ادا کریں اور معاشرتی بے حسی کے شکار ٹرانسجینڈر، بے گھر بچوں اورتشدد کی شکار خواتین کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ بے گھر بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو، کئیر فاو¿نڈیشن سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے محفوظ جگہوں پر منتقل کیا جائے تاکہ وہ زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔گھریلو تشدد، ہراسمنٹ اور صنفی جرائم کی شکار خواتین کو متعلقہ اداروں کے اشتراک سے قانونی و سماجی ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ذہنی مسائل کے شکار بے گھر خصوصی افراد کو علاج اور بحالی کیلئے سرکاری و نجی اداروں کے سپرد کیا جائے تاکہ بروقت طبی امداد کی فراہمی سے انکی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔ نشے کی لعنت کے شکار بے گھر بچوں اور نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے چھٹکارا دلانے کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے اور پنجاب پولیس کا جن اداروں کےساتھ ایم او یو ہوچکا ہے ان کےساتھ مل کر مشترکہ اقدامات میں تیزی لائی جائے اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھ کر بحالی کا کام شروع کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن