لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کاو¿نٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے اہلکاروں کی محکمانہ ترقیوں کےلئے سروس سٹرکچر تیار کروا کر دستخط کردئیے ہیں۔ آئی جی پنجاب کے دستخط کے بعد ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد سیال نے نئے سروس سٹرکچر کو منظوری کےلئے حکومت پنجاب کو بھجوا دیا ہے۔نئے سروس سٹرکچر کے تحت گریڈ 14 سے گریڈ 19 تک سینکڑوں آسامیاں تجویز کی گئی ہیں۔نئے سروس سٹرکچر میں گریڈ 14 کی بارہ سیٹوں کو بڑھا کر 320، گریڈ 16 کی چھ سیٹوں کو بڑھا کر 72 جبکہ گریڈ 17 کی تین سیٹوں کو بڑھا کر 12کر دیا گیاہے ۔نئے سروس سٹرکچر میں گریڈ 18 کی 8 نئی آسامیاں جبکہ گریڈ 19 میں ایڈیشنل ڈائریکٹر کی 2 نئی آسامیاں رکھی گئی ہیں۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ حکومت سے نئے سروس سٹرکچر کی منظوری کے بعد سی ٹی ڈی میں محکمانہ ترقیوں کا عمل فوری شروع ہو جائےگا۔میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقی کے اہل ہر افسر و اہلکار کو اس کا بنیادی حق محکمانہ ترقی کی صورت میں دیا جائےگا۔ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں سی ٹی ڈی کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔سی ٹی ڈی اہلکاروں کی ترقیوں میں اب کوئی رکاوٹ نہیں آئےگی اور ان ترقیوں کے جواب میں محکمہ سی ٹی ڈی ملازمین سے نئے جوش و ولولے کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کا تقاضا کرتا ہے۔
آئی جی کے سی ٹی ڈی پنجاب کے اہلکاروں کی ترقیوں کےلئے سروس سٹرکچر پر دستخط
Apr 12, 2023