لاہور(سپورٹس رپورٹر ) قومی کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 14 اپریل سے شروع ہونے والی ہوم وائٹ بال سیریز کیلئے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کو جوائن کرلیا۔بائیں ہاتھ کے اوپنر کو شاداب خان کی ٹیم سٹالینز کیخلاف انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ کیلئے بابر اعظم کی قیادت میں بادشاہ لائن اپ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ فخر زمان نے گزشتہ روز اپنی 33 ویں سالگرہ بھی منائی اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں بتایا کہ ’ برتھ ڈے بوائے ‘ نے کیمپ جوائن کر لیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، امام الحق ، افتخار احمد، نسیم شاہ اور محمد حارث نے فخر زمان کو سالگرہ پر مبارکباد دی۔بابر اعظم نے فخر زمان کو پیار سے جنگلی صاحب کہہ کر پکارا اور کہا کہ سالگرہ بہت بہت مبارک جنگلی صاحب، دعا ہے اللہ پاک آپ کو لمبی زندگی اور خوشیا ں دے، جیسے آپ پاکستان کا نام روشن کرتے آئے ہیں ایسی ہی پرفارمنسز دیتے رہیں۔افتخار احمد نے فخر زمان کو سالگرہ مبارک دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ پاکستان کیلئے اچھی اچھی پرفارمنس دے کر لوگوں کے دلوں میں جگہ بناتے رہیں۔ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے لاہور میں ڈیرے ڈال لئے ہیں، کیوی ٹیم دورے کے دوران 5ون ڈے اور 5ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کر رہے ہیں۔کیوی کرکٹر ڈیرل مچل نے پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کلاس ٹیم قرار دیا ۔ڈیرل مچل نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم ورلڈکلاس ہے اور نیوزی لینڈ میں نوجوان کھلاڑی بھی ہیں جو پہلے اس کنڈیشنز میں نہیں کھیلے۔ یہ سیریز ہمارے لئے چیلنج ہے جس میں کوشش کریں گے اچھی کرکٹ کھیلیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان روانگی سے قبل کرائسٹ چرچ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اپنے سکواڈ کی تصاویر اپنے ٹوئوئٹر اکانٹ پر شیئر کی تھیں۔مہمان ٹیم دو دن آرام کے بعد کل13اپریل کو قذافی سٹیڈیم میں پہلا ٹریننگ سیشن کریگی۔ ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی اسی روز ہوگی۔دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ 14اپریل کو لاہور میں کھیلا جائیگا۔دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 15 کو اور تیسرا 17اپریل کو لاہور میں ہی کھیلا جائیگا۔چوتھا اور پانچواں ٹی ٹونٹی 20اور 24اپریل کو راولپنڈی میں ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5ون ڈے میچز کی سیریز بھی کھیلی جائیگی، پہلا اور دوسرا ون ڈے 27اور 29اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائیگا، تیسرا، چوتھا اور پانچواں ون ڈے بالترتیب 3، 5اور 7مئی کو کراچی میں کھیلا جائیگا۔