واشنگٹن (این این آئی)امریکی محکمہ دفاع(پینٹاگون)نے انتہائی حساس امریکی دستاویزات کا افشا ہونا قومی سلامتی کے لئے انتہائی سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان پینٹاگون کرس میگر نے اپنے بیان میں کہا کہ دستاویزات میں موجود معلومات سے لوگوں کی جانیں جاسکتی ہیں، ڈیفنس سیکرٹری لائیڈ آسٹن کو ان دستاویزات سے متعلق 6 اپریل کو بریف کیا گیا۔ترجمان پینٹاگون کا کہنا تھا کہ پینٹاگون کی ٹیم پرکھ رہی ہے کہ جاری کردہ دستاویزات اصل ہیں یا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ انصاف دیکھ رہا ہے کہ دستاویزات لیک کیسے ہوگئیں؟واضح رہے کہ کچھ دن قبل امریکا اور نیٹو کا یوکرین جنگ سے متعلق خفیہ منصوبہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردیا گیا تھا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی منصوبے میں روس پر حملے کے لیے یوکرین کو مسلح کرنے سے متعلق معلومات شامل ہیں۔
پینٹاگون نے حساس دستاویزات افشا ہونے کو امریکی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دے دیا
Apr 12, 2023