سری نگر‘ جموں‘ اسلام آباد (کے پی آئی) شمالی کشمیر میں بھارتی فوج نے خاتون سمیت دو شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاری کے بعد صائمہ بشیر اورفاروق احمد کے خلاف پٹن پولیس اسٹیشن میں غیرقانونی سرگرمیاں(روک تھام) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بھارتی فوج نے ضلع بارہمولہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران سوپور قصبے میں خاتون اور ضلع کے پٹن علاقے میں نوجوان کو گرفتار کیا۔ جبکہ جموں میں مسلمانوں کے خلاف سرکاری سرپرستی میں قائم انتہا پسند ہندووں کی غیر سرکاری تنظیم ولیج ڈیفنس گارڈ(VDGs) کے اہلکار نے خود کشی کر لی ہے۔ بھارتی فوج کے حمایت یافتہ ولیج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی)کے رکن نے راجوری ضلع میں خودکشی کرلی۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے جی 20 میں شامل اسلامی ممالک ترکی، انڈونیشیا، سعودی عرب کے ساتھ ساتھ چین پر زور دیا ہے کہ سری نگر میں گروپ کے اجلاس میں شرکت نہ کی جائے۔بھارت جی 20 اجلاس سری نگر میں بلاکر کشمیر بارے دنیا کو گمراہ کرنا چاہتا ہے۔ جموں وکشمیر متنازعہ علاقہ ہے جس پر بھارت نے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔