کرپشن ثابت، اینٹی کرپشن میں عمران اسماعیل، عامر کیانی کیخلاف مقدمہ

Apr 12, 2023

لاہور (خبر نگار) تحریک انصاف کے سابق ایم این اے   چودھری طاہر اقبال بھی اینٹی کرپشن کے نرغے میں  آگئے۔ طاہر اقبال  چودھری  نے سال 22-2021 میں محکمہ لوکل گورنمنٹ وہاڑی سے گرانٹ جاری کروائی  اور  ایکسیئن لوکل گورنمنٹ ملتان خلیل احمد کھوسہ، سابق اسسٹنٹ انجینئر لوکل گورنمنٹ وہاڑی انوار احمد، سب انجینئر لوکل گورنمنٹ مقصود کی ملی بھگت سے منصوبے کا سائٹ پلان تبدیل کروا دیا اور منصوبے کا ٹھیکہ اپنے من پسند ٹھیکیداروں کو دے کر بھاری رشوت وصول  کی۔ طاہر اقبال کو 14 اپریل کو طلب کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب کرپشن ثابت ہونے پر عمران اسماعیل اور عامر محمود کیانی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے بتایا ہے کہ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ایم این اے تحریک انصاف عامر محمود کیانی  کو بھی اینٹی کرپشن پنجاب نے طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی  عمران اسما عیل اور عامر محمود کیانی کو اینٹی کرپشن پنجاب نے 30 مارچ کو طلب کیا تھا۔ سابق گورنر عمران اسماعیل اور عامر محمود کیانی نے مل کر عبداللہ سٹی کے نام سے راولپنڈی میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی۔ موقع پر موجود پلاٹوں سے زیادہ فائلیں فروخت کر کے لوگوں سے اربوں روپے کا فراڈ کیا اور بعد میں اس سوسائٹی کا نام  عبداللہ سٹی سے  تبدیل کر کے ایولون سٹی رکھ دیا  گیا  اور لوٹ مار کا بازار دوبارہ گرم کر دیا گیا۔

مزیدخبریں