بھارت کا G20 اجلاس مقبوضہ کشمیر میں بلانا ناقابل قبول: طاہر اشرفی

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان علماء کونسل کو بھارت کی طرف سے G20کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں بلانے کا اعلان نا قابل قبول ہے، بھارت عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے ، G20 میں شامل ممالک بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بلائے جانے والے اجلاس میں شامل نہ ہوں، عالمی کانفرنس میں  پوپ فرانسس، شیخ الازہر، امام حرم کعبہ اور عالم اسلام کے اہم قائدین کو دعوت دی جائے گی۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پانچویں عالمی سالانہ پیغام اسلام کانفرنس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ہم تمام مذاہب کے قائدین سے گذارش کرتے ہیں کہ وہ فلسطین و کشمیر کی صورتحال پر توجہ دیں۔ ہندوستان اور اسرائیل جو مظالم کر رہے ہیں ان کو روکنے کیلئے عملی کردار کی ضرورت ہے۔  انہوں نے کہا کہ ہندوستان خطہ میں بد امنی چاہتا ہے، ہندوستانی مظالم مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان انشاء اللہ  R20 میں شامل مذہبی قائدین کو بھی مقبوضہ کشمیر میں نہیں لے جا سکے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 21 رمضان المبارک تا 29 رمضان المبارک عشرہ تعظیم حرمین شریفین والاقصیٰ منایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن