کچے میں آپریشن جاری درجن سے زائد مقدمات میں مطلوب 2ڈاکو ہلاک، 8ٹھکانے نذرآتش

Apr 12, 2023

لاہور+اسلام آباد (نامہ نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے) کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں وجرائم پیشہ عناصر کے خلاف  پنجاب پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری ہے اور پولیس کے دستے کچہ  میں پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ پنجاب پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے کچہ کراچی اور کچی حیدرآباد کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے سینکڑوں ایکڑ اراضی واگزار کرا لی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت بختیار اور معظم عرف تیلو کے ناموں سے ہوئی۔ ہلاک ڈاکوؤں کا تعلق ماچھی گینگ سے  ہے اور دونوں ڈاکو ڈکیتی، حملوں، اغوا برائے تاوان کے  درجن سے زائد مقدمات کے ریکارڈ یافتہ نکلے۔ ہلاک ڈاکوؤں سے دو کلاشنکوف و گولیوں کے راؤنڈ بھی برآمد ہوئے۔  ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب مقصود الحسن، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبدالغفار قیصرانی اور آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید نے آپریشنل ایریا کا دورہ کیا۔ آر پی او بابر سعید نے بریفنگ دی۔  جبکہ ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل آپریشن کی کمانڈ کر رہے ہیں۔ پولیس نے مجرمان کی کمین گاہیں مسمار کرنے کے ساتھ انہیں نذر آتش کر دیا ہے۔ اس آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے جدید ٹیکنیکل ذرائع اور تمام سکیورٹی ایجنسیز کی معاونت سے بنائے گے ہیٹ میپ کے مطابق کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس کو سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت حاصل ہے۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے رحیم یار خان، کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر پنجاب پولیس اور آئی جی پنجاب کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ اس آپریشن میں اغوا شدہ دو معصوم بچوں کی زندہ سلامت بازیابی پنجاب پولیس کی عمدہ کارکردگی کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی پنجاب نے آپریشن کو خود لیڈ کر کے ایک عمدہ اور اعلی مثال قائم کی۔  پنجاب پولیس کا آپریشن قابل ستائش ہے۔  وفاقی حکومت پوری طرح سے اس آپریشن کے ساتھ کھڑی ہے۔ 

مزیدخبریں