لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہاکہ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کیخلاف اہم سیریز سے قبل قومی ٹیم کو زمبابوے کیخلاف سیریز میں اپنی خامیوں پر قابو پانا ہو گا تاکہ اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہونیوالی اہم سیریز میں قومی ٹیم اچھا پرفارم کرسکے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورہ زمبابوے کیلئے منتخب کی گئی قومی ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہئے تھا کیونکہ چھوٹی ٹیموں کیخلاف ہی نئے کھلاڑیوں کو آزمانا بہتر حکمت عملی ہے۔ سلمان بٹ کے مطابق اگر زمبابوے میں نوجوان کھلاڑی ہوتے تو ان میں سے دو سے تین کھلاڑی مستقبل کیلئے قومی ٹیم کو میسر آجاتے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے دوری کے بعد یہ ان کی تیسری عید تھی جو اپنی فیملی کے ساتھ منائی، سلمان بٹ نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ وہ دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں لوٹ کر آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آئی سی سی کے کہنے پر انہوں نے پبلک معافی مانگی جو آئی سی سی نے قبول کرلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی خواہش ہے کہ وہ جلد قومی ٹیم میں لوٹ کر ایک بار پھر اپنا کیرئیر شروع کریں۔ سلمان بٹ نے کہاکہ وہ مسلسل پریکٹس کررہے ہیں اگر ڈومیسٹک کرکٹ میں انہیں کھیلنے کی اجازت ملتی ہے تو وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرینگے۔