لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ زمبابوے کی تیاری کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے باقاعدہ لاہور میں شروع ہوگا تاہم لاہور سے تعلق رکھنے والے زیادہ تر کھلاڑی آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم زمبابوے کے خلاف دو ٹی ٹونٹی، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ لینے کے لیے 19 اگست کو ہرارے روانہ ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تینوں فارمیٹ کے لیے الگ الگ ٹیموں کا اعلان کر رکھا ہے۔ ٹیم کے چار کھلاڑی مصباح الحق، محمد حفیظ، عمر اکمل اور احمد شہزاد ویسٹ انڈیز میں کریبین لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں چاروں کھلاڑی زمبابوے میں ہی ٹیم کو جوائن کرینگے۔ دورہ زمبابوے کے لیے اعلان کردہ تینوں فارمیٹ کی ٹی ٹونٹی ٹیم میں محمد حفیظ (کپتان)، ناصر جمشید، احمد شہزاد، عمر امین، عمر اکمل، شعیب مقصود، شاہد آفریدی، سعید اجمل، سہیل تنویر، محمد عرفان، جنید خان، ذوالفقار بابر، اسد علی، انور علی اور حارث سہیل شامل ہیں۔ ون ڈے سکواڈ میں مصباح الحق (کپتان)، ناصر جمشید، احمد شہزاد، محمد حفیظ، اسد شفیق، عمر اکمل، عمر امین، حارث سہیل، شاہد آفریدی، سعید اجمل، محمد عرفان، جنید خان، اسد علی، انور علی اور عبدالرحمان شامل ہیں جبکہ ٹیسٹ سکواڈ کے کھلاڑیوں میں مصباح الحق (کپتان)، محمد حفیظ، خرم منظور، عمران فرحت، اسد شفیق، یونس خان، اظہر علی، فیصل اقبال، عدنان اکمل، جنید خان، وہاب ریاض، احسان عادل، راحت علی، سعید اجمل اور عبدالرحمان شامل ہیں۔ دورہ زمبابوے کے لیے اعلان کردہ ٹیم مینجمنٹ میں معین خان منیجر، ڈیو واٹمور ٹیم کوچ، جولین فونٹین فیلڈنگ کوچ، محمد اکرم باولنگ کوچ، شاہد اسلم اسسٹنٹ منیجر، صبور احمد ٹرینر، ڈاکٹر ریاض احمد فزیوتھراپسٹ، کرنل (ر) وسیم احمدشاہد سیکورٹی منیجر، محمد طلحہ اعجاز انالسٹ شامل ہیں۔