ایشیا ہاکی کپ ٹورنامنٹ تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ دوبارہ شروع

Aug 12, 2013

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ دوبارہ شروع ہو گیا۔ ٹورنامنٹ کے لیے  18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان 15 اگست کو کیا جائیگا۔ کیمپ کے لیے اعلان کردہ 26 کھلاڑیوں نے گذشتہ شام ہیڈ کوچ اختر رسول کو رپورٹ کر دی تھی۔ پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ نے ملائیشیا روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے آخری سات روزہ کیمپ میں بھرپور تیاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلہ میں 14 اگست کو جشن آزادی کے سلسلہ میں کھلاڑیوں کے درمیان ایک نمائشی میچ کے انعقاد کا بھی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اجمل خان لودھی نے کہا کہ آخری سات روز ہمارے لیے بڑے اہم ہیں جس میں بھرپور تیاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ ہمارے لیے اہمیت کا حامل ہے لہٰذا کسی میچ کو آسان نہیں لیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں شامل تمام ٹیموں کی ویڈیو فلم کھلاڑیوں کو دکھائی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنی حکمت عملی کو ترتیب دے سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑی پر امید ہیں کہ وہ ایشیا کپ میں ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ٹورنامنٹ میں ہونے والی غلطیوں پر قابو پا کر ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ کے آخری مرحلے میں کھلاڑیوں کو میچ پریکٹس کے ساتھ ساتھ ان کی فزیکل فٹنس پر خاص توجہ دی جائے گی۔ ٹیم مینجمنٹ نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ فزیکل فٹنس پر کسی طور پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں