کولمبو میں انتہا پسند بودھوں کا مسجد پر حملہ‘ 7 مسلمان زخمی‘ کرفیو نافذ

کولمبو میں انتہا پسند بودھوں کا مسجد پر حملہ‘ 7 مسلمان زخمی‘ کرفیو نافذ

Aug 12, 2013

کولمبو (آن لائن + اے ایف پی) سری لنکاکے دارالحکومت کولمبومیں فرقہ وارانہ فسادات کے بعد غیرمعینہ مدت کے لئے کر فیونافذکردیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطا بق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں واقع ایک مسجد پر بودھوں کے ایک گروہ نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں سات مسلمان زخمی ہو گئے ۔یہ واقعہ کولمبو کے علاقے گرینڈ پاس میں ہوا۔ مسجد پر حملے کے بعد بودھوں اور مسلمانوں کے درمیان تصادم ہوا اور پولیس نے علاقے میں کرفیو نافذ کردیا ہے۔پچھلے ماہ بودھوں کے ایک گروہ نے مسجد کے قریب مظاہرہ کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ یہ مسجد منتقل کی جائے۔واضح رہے کہ بودھوں نے حالیہ مہینوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف مہم کو تیز کردیا ہے۔ہفتے کے روز ہونے والے تصادم میں کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ زخمی ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی تھے جو مسجد کی حفاظت کے لئے تعینات تھے۔کولمبو میں بی بی سی کو اس علاقے کے ایک رہائشی نے بتایا کہ شام کی نماز کے وقت بودھوں نے نمازیوں پر پتھراو¿ کیا۔ پولیس کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ فوری طور پر پولیس اور کمانڈوز کو حالات پر قابو پانے کے لیے بھیجا۔ بودھوں نے کئی بار مسجد پر اعتراض اٹھایا اور آخر میں انہوں نے رمضان کے ختم ہونے تک کی مہلت دی۔ تاہم اس علاقے کے مسلمانوں کا کہنا ہے کہ ان کو سری لنکا کی وزارت برائے مذہبی امور نے اس مسجد کو استعمال کرنے کی اجازت دی ہوئی ہے۔
سری لنکا / حملہ

مزیدخبریں