لاہور/ راولپنڈی (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) عوامی تحریک کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے بوٹوں کی چاپ نہیں سن رہا ویسے بھی اب پلاسٹک سول والے بوٹ آ گئے ہیں جن کی آواز نہیں ہوتی‘ حکمران اسلام آباد جانے والوں کو روکنے کی تدبیریں کرنا چھوڑ دیں اور جلد کوئی فیصلہ کر لیں ورنہ پھر پچھتاوا ہی پچھتاوا ہے۔ شیخ رشید نے کہا حکومت اگر مقبول ہے اور یہ جعلی مینڈیٹ سے نہیں آئی تو پھر حکمرانوں کے چہروں کی ہوائیاں کیوں اڑی ہوئی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ انہیں اپنی حیثیت کا اندازہ ہو گیا ہے اور انہوں نے دیوار پر لکھا ہوا پڑھ لیا ہے کہ جی کا جانا ٹھہر گیا ہے۔ دوسری طرف شیخ رشید نے کہا امن و امان کی موجودہ صورتحال کے باعث میری جان اور لال حویلی کو سخت خطرات لاحق ہیں۔ لال حویلی کی سکیورٹی بڑھائی جائے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈی سی او ساجد ظفر نے سکیورٹی بڑھانے کیلئے سی پی او کو خط لکھ دیا۔ طاہر القادری نے شیخ رشید کو ٹیلی فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ طاہر القادری نے کہا حکمران ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔