لاکھوں کارکن عمران کی طرف بڑھنے والے ہاتھ توڑ دینگے: محمود الرشید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کئے جانے سے متعلق خبروں پر اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے لاکھوں کارکن عمران خان کی طرف بڑھنے والے ہاتھ توڑ دینگے، عمران خان بارہا یہ اعلان کر چکے ہیں کہ ان کا احتجاج پرامن اور آئینی ہے، حکمران اس پرامن احتجاج کو خونی تصادم میں تبدیل کرنے کی حماقت سے دور رہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دھاندلی سے متعلق ثبوت پیش کئے جانے کے بعد شفاف تحقیقات کیلئے میاں نواز شریف مستعفی ہو جائیں، جعلی مینڈیٹ والے وزیراعظم کے ہوتے ہوئے انصاف کیسے مل سکتا ہے؟ امید ہے عدلیہ سیاسی معاملات سے دور رہے گی، عوام کو پرامن احتجاج کے جمہوری حق سے کیسے محروم کیا جا سکتا ہے، گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ چند دنوں کے مہمان 2025 کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، دھاندلی میں معاونت کرنے والوں نے جمہوریت اور ملک سے دشمنی کی، آئین اور قوم کے ان غداروں کو تحریک انصاف کبھی معاف نہیں کرے گی، عمران خان نے جعلی مینڈیٹ والے حکمرانوں کے چہروں سے نقاب الٹ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پرویز رشید اور رانا مشہود حکمران خاندان کے ترجمان طوطے ہیں، پاکستان کے عوام ان طوطوں کسی بات کو سنجیدہ نہیں لیتے۔ علاوہ ازیں میاں محمود الرشید نے گزشتہ روز ایمبولینس میں جاں بحق ہونے والے مریض کے دلخراش واقعہ پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کراتے ہوئے کہا کہ اپنی پوری سیاسی زندگی میں کسی حکومت کو اس قدر ظلم کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔

ای پیپر دی نیشن