گوادر (آن لائن+ بی بی سی اردو)گوادر کے قریب سمندر میں کشتی اُلٹنے سے ڈوبنے والے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جن کی نعشیں نکال لی گئیں جبکہ ملاح محفوظ رہا۔ کشتی میں سوار افراد غیرقانونی طور پر ایران جا رہے تھے۔ لیویز ذرائع کے مطابق گوادر سے 4افراد کشتی میں غیرقانونی طور پر ایران جا رہے تھے، ان کی کشتی تیز ہوائوں کے باعث پاک ایران سرحدی علاقے باغوڑ کے قریب گہرے پانی میں اُلٹ گئی جس کے باعث یہ 4 افراد پانی میں ڈوب گئے، واقعہ میں بچ جانے والے کشتی کے ملاح کی اطلاع پر مقامی افراد نے نعشیں سمندر سے نکال کر انہیں تحصیل ہسپتال جیوانی منتقل کردیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک شخص کی شناخت رشید کے نام سے ہوئی ہے۔ جس کا تعلق مانسہرہ سے ہے۔ انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا یہ حادثہ ایران کی سمندری حدود میں پیش آیا۔ بعض اطلاعات کے مطابق اس کشتی میں 11افراد سوار تھے۔ متعدد ڈوبنے والوں میں سے صرف 4کی نعشیں نکالی گئی ہیں۔