مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں 5 خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق

لاہور (نامہ نگاران + خصوصی رپورٹر)کالاخطائی روڈ پر جنڈیالہ کلساںکے قریب پولیس وین کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ دوبیٹیوں سمیت جاں بحق جبکہ پیچھے سے آنے والا موٹر سائیکل بھی ٹکرانے سے ایک شخص اسلم بھی شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ کے بعد پولیس وین زخمیوں کو تڑپتاچھوڑکر فرار ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے بدقسمت عبدالرزاق دو کمسن بیٹیوں اور بیٹے کے ہمراہ موٹر سائیکل پر لاہور چونگی امرسدھو جا رہا تھا کہ مخالف سمت لاہور سے آنے والی پولیس وین کی سائیڈ لگنے سے عبدالرزاق اور بیٹا زخمی ہو گئے جبکہ 12سالہ شازیہ اور 10سالہ نجمہ موقع پر جاں بحق ہوگئی بعدازاں ان کا باپ عبدالرزاق ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں پتوکی سے نامہ نگار کے مطابق تیزرفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ جی ٹی روڈ بائی پاس ملانوالہ پر پتوکی کے نواحی گائوں ڈوبہ کے رہائشی میاں بیوی گھر واپس جا رہے تھے کہ تیزرفتار ٹرک نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ تھانہ سٹی نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کردی۔ جھنگ سرگودھا روڈ پر قطب اعوان کے قریب تیز رفتار مسافر ویگن الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 10زخمی ہوگئے۔ جھنگ سے سرگودھا جانے والی مسافر ویگن سرگودھا روڈ پر قطب اعوان کے قریب ٹائر پھٹنے کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 70سالہ مغلانی بی بی، 70 سالہ مولا بخش، 55 سالہ منظوراں سمیت5 افراد جاں بحق ہو گئے اور 10شدید زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے جھنگ کے قریب سرگودھا روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ ضلع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

ای پیپر دی نیشن