لاہور+ سیالکوٹ (خبرنگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سیالکوٹ میں چاروا سیکٹر پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی گولہ باری اور بلااشتعال فائرنگ سے خاتون اور اسکی بیٹی شہید، 3 زخمی ہوگئے، گولہ باری سے مسجد شہید اور 12 مویشی بھی مارے گئے، کئی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا، چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی سے بھارتی گنیں خاموش ہوگئیں۔ رینجرز ذرائع کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے اپنے فوجی کو رہا کر نے کا بدلہ سیالکوٹ کے چاروا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور مارٹر گولوں کے حملے کرکے دیا، گزشتہ رات آٹھ بجے کے قریب بھارتی فورسز نے سیالکوٹ چاروا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ شروع کردی اور مارٹر گولے پھینکے جس کے باعث سرحدی گاؤں کھوکھر جپہ کی رہائشی 60 سالہ خاتون حنیفہ بی بی جاں بحق اور چار افراد نسرین بی بی، محمد حسین، صفیہ بی بی اور رابعہ بی بی شدید زخمی ہوگئے۔ بعد ازاں نسرین جو حنیفہ بی بی کی بیٹی وہ بھی سی ایم ایچ جاکر دم توڑ گئی۔ بھارتی فائرنگ و گولہ باری سے 12 مویشی بھی ہلاک ہوئے، ایک مسجد شہید ہوگئی،کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا، چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی سے بھارتی گنیں خاموش ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق دو روز سے وقفے وقفے سے جاری بھارتی جارحیت کے باعث سرحدی علاقوں کے مکین شدید خوف وہراس مبتلا ہوگئے دو روز قبل پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے بھارتی اہلکار کو جذبہ خیر سگالی کے تحت واپس بھجوا دیا گیا تھا۔ پاکستانی حکام نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے احتجاجی مراسلہ انہیں دیا گیا اور سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری اور فائرنگ سے انسانی اور املاک کے نقصان پرشدید احتجاج کیا گیا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے دفتر خارجہ کے مطابق ایک پاکستانی شہری جاں بحق 3زخمی ہوگئے تھے۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے کہا گیا کہ بدقسمتی سے کنٹرول لائن پر یہ واقعات ایسے وقت میں ہورہے ہیں جب دونوں ممالک کی قیادت نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی خواہش ظاہر کررکھی ہے جس کے نتیجے میں خارجہ سیکرٹریوں کے مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی۔ دریں اثناء ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے پاکستانی رینجرز نے گزشتہ شب آر ایس پورہ سیکٹر پر فائرنگ کرتے ہوئے 2 بی ایس ایف اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی کردیئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی رواں ماہ ہونے والی ملاقات میں بھارت کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائے گا۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سیالکوٹ بارڈر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا بھارت آئے روز ہمارے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے لیکن حکمرانوں نے بھارتی بالادستی کو قبول کرلیا۔