اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف آج تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو عام انتخابات کے بارے میں ان کی شکایات دور کرنے کے لئے آخری بار سیاسی ڈائیلاگ کی دعوت دیں گے اور عمران خان سے ڈائیلاگ کے لئے بنی گالہ میں جانے کا عندیہ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف جمہوری نظام کو بچانے کے لئے آخری حد تک جانے کے لئے لچک کا مظاہرہ کریں گے تاہم عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر القادری کے ’’انقلاب مارچ‘‘ کا راستہ روکنے کے لئے پوری ریاستی مشینری کو استعمال کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے عمران خان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی آخری کوشش کی لیکن وہ عمران خان کے غیر لچکدار رویہ سے مایوس دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی نے لاہور میں قیام کے دوران آزادی مارچ اور انقلاب مارچ سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیار کر لی ہے‘ ریاستی مشینری دونوں مارچوں کو اکٹھا نہیں ہونے دے گی‘ لاہور میں انہیں باہر سے کمک نہیں پہنچنے دی جائے گی جبکہ اسلام آباد پر دباؤ کم کرنے کے لئے دونوں جماعتوں کے جلوسوں کو لاہور میں مصروف رکھا جائے گا۔ اسلام آباد کی بعض شاہراہوں پر خندقیں کھود کر گاڑیوں کے شہر میں داخلے کے امکانات معدوم کر دئیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے اسلام آباد کے داخلی راستوں پر پولیس کا مضبوط حصار بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کی ہے‘ اسلام آباد سے باہر ہی قافلوں کو روکا جائے گا اگر کچھ لوگ اسلام آباد میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تو ان کو دوسرے اور تیسرے حصار پر روک لیا جائے گا۔
نواز شریف آج عمران خان کو آخری بار سیاسی ڈائیلاگ کی دعوت دینگے
Aug 12, 2014