اسلام آباد (نوائے وقت رپور+ آن لائن) الیکشن کمیشن نے صوبوں سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے شیڈول مانگ لیا۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا الیکشن کمیشن جلد صوبوں سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے شیڈول طلب کرے۔ سندھ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے صوبائی سیکرٹری سے رابطہ کیا ہے الیکشن کمیشن نے مجوزہ انتخابی شیڈول تیار کرلیا ہے جسے آج سپریم کورٹ میں جمع کرایا جائے گا سندھ پنجاب دونوں حکومتیں پہلے ہی الیکشن کمیشن کو تین مرحلوں میں الیکشن کی درخواستیں دے چکی ہے اس حوالے سے مجوزہ تجاویز بھی سامنے لائی جائینگی۔ الیکشن کمیشن کی82 آسامیوں پر بھرتیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے دعویٰ کیا ہے آئندہ دو ماہ میں بھرتیوں کا عمل مکمل کر لیا جائے گا ۔ دریں اثناء این اے19میں ضمنی انتخابات کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں پولنگ سٹیشنوں پر بائیومیٹرک سسٹم استعمال کیا جائیگا ،نادرا کی مدد سے بائیو میٹرک سسٹم کا تجربہ پہلی بار کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تجربہ کامیاب رہا تو آئندہ انتخابات اسی سسٹم پر ہونگے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق حلقہ این اے 19 کے ضمنی انتخاب کیلئے الیکشن کمشن نے ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ بائیومیٹرک مشین کے استعمال سے متعلق الیکشن کمشن نے ہدایت نامہ جاری کر دیا۔ پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں عملہ ووٹر کی تصدیق کرے گا۔ ووٹر کی تصدیق روایتی طریقے سے بھی کی جائے گی۔ انتخابی عملہ ووٹر کا شناختی کارڈ نمبر بائیومیٹرک مشین پر درج کریگا۔ شناختی کارڈ کی تصدیق کیلئے ووٹر انگوٹھا یا انگلی بائیومیٹرک مشین پر رکھے گا، تصدیق ہونے کی صورت میں ووٹر کو بیلٹ پیپر فراہم کیا جائیگا۔ بائیومیٹرک تصدیق نہ ہونے کی صورت میں انتخابی فہرست میں این بی وی لکھ دیا جائیگا۔