کراچی (نوائے وقت رپورٹ) رینجرز نے سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام کو خط لکھا ہے جس میں الزام لگایا ہے کہ پولیس کے 19افسران اور اہلکار مختلف سنگین جرائم بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان میں ملوث ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یہ افسر اور اہلکار سیاسی پشت پناہی اور مجرموں کو تحفظ دینے کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ ان پولیس اہلکاروں کے خلاف تحقیقات کرکے ایکشن لیا جائے۔ خط میں ایس ایس پی اکرم ابڑو، انسپکٹر چودھری اعظم سمیت دیگر اہلکاروں کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس کے اعلیٰ افسروں کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہ کی گئی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بھتہ خوری، منشیات فروشی، سٹے بازی میں اے ایس آئی ناصر، سب انسپکٹر سرفراز اے ایس آئی راجہ خالد ملوث ہیں۔ انسپکٹر واصف قریشی جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی میں ملوث ہے۔