اسلام آباد (آن لائن) اشیائے خوردو نوش کی عالمی قیمتوں میں مجموعی طور پر کمی کا سلسلہ جاری ہے اور قیمتیں کم و بیش 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں، اس وقت عالمی ادارہ خوراک وزراعت (ایف اے او) کا انڈیکس ستمبر 2009 کے بعد سے کم ترین سطح پر ہے۔ ایف اے او کی جانب سے جاری کردہ ای میل ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی میں خوراک کی قیمتوں میں جون کے مقابلے میں 1 فیصد کمی ہوئی تاہم قیمتیں ایک سال پہلے کی نسبت 19.4 فیصد کم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جولائی میں ڈیری کی قیمتوں میں 7.2 فیصد کمی دیکھی گئی۔ ویجیٹیبل آئل کی قیمتوں میں ماہانہ بنیادوں پر 5.5 فیصد کمی ہوئی، پکانے کے تیل کی قیمتیں فی الوقت جولائی 2009ء کے بعد کم ترین سطح پر ہیں۔ تاہم سیریلز کی قیمتوں میں 2فیصد اضافہ ہوا مگر یہ بھی گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.1 فیصد کم ہیں۔