کراچی (صباح نیوز) چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم احتجاج کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا، مظاہرین نے سندھ اسمبلی کے گیٹ پر دھرنا دیا۔ پولیس نے کچھ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو حراست میں لے لیا۔ احتجاج کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاج جاری رکھیں گی۔ اسسٹنٹ کمشنر شبانہ کوثر سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز سندھ اسمبلی کی جانب روانہ ہوگئیں۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے واٹر کینن بھی طلب کرلیا۔ احتجاج کے دوران تین لیڈی ہیلتھ ورکرز بیہوش ہوگئیں جس کے بعد مظاہرین نے بیہوش خواتین کے ہمراہ اسمبلی کے گیٹ پر دھرنا دیا تاہم وزیراعلیٰ سندھ مظاہرین سے ملے بغیر ہی اسمبلی پہنچ گئے جس پر بیہوش ہونے والی لیڈی ہیلتھ ورکر کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔