ممبئی (نیوز ڈیسک) ممبئی انڈر ورلڈ کے ڈان ابوسالم نے گذشتہ روز ٹاڈا عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں واضح کیا ہے کہ 1993 کے ممبئی بم دھماکوں سے قبل وہ اداکار سنجے دت کے گھر گئے نہ ہی اسے اے کے 47 رائفلیں اور دستی بم دئیے تھے۔ واضح رہے کہ سنجے دت کو ممبئی دھماکے کیس میں اے کے 47 رائفل غیرقانونی رکھنے کے جرم میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی اور ان پر الزام تھا کہ یہ اسلحہ انہیں ابوسالم نے دیا۔ ابوسالم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ بات تو اپنے آپ ہی غلط ہو جاتی ہے کہ وہ اگلے روز سنجے دت کے گھر سے گاڑی میں وہ اسلحہ واپس لائے حالانکہ وہ وہاں گئے ہی نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام نے پرتگال سے انہیں بھارت کے حوالے کرائے جانے کیلئے ممبئی دھماکوں میں ملوث ہونے کے بوگس ثبوت فراہم کئے جنہیں بنیاد بنا کر پرتگال کی سپریم کورٹ نے ابوسالم کو بھارت کے حوالے کرنے کی اجازت دی۔ ابوسالم کے مطابق وہ ممبئی دھماکوں سے متعلق اپنے شریک ساتھی ملزموں ٹائیگر میمن، یعقوب میمن وغیرہ کے عزائم سے آگاہ نہیں تھا۔ یاد رہے کہ 12 مارچ 1993 کو ہونیوالے ممبئی بم دھماکوں میں 257 افراد ہلاک 713 زخمی ہوئے تھے۔ ان دھماکوں کو بابری مسجد کی شہادت اور اس کے بعد ہونیوالے بھارتی مسلمانوں کے قتل عام کا ردعمل قرار دیا گیا تھا۔