لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں نواز شریف پاکستان کی شہ رگ کشمیر کی آزادی کے لیے ٹھوس پالیسی اور واضح حکمت عملی اختیار کریں، 18 کروڑ پاکستانی کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے، نریندر مودی کی مسلم کش اور کشمیر دشمن پالیسی کو اہل کشمیر نے ناکام بنا دیا‘ جموں ریجن میں مساجد اور قبرستانوں کو منہدم کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے، نریندر مودی نے بے گناہ یعقوب میمن کو پھانسی دے کر مسلم دشمنی کا کھلا ثبوت دیا ہے، بھارت کے ججز نے فیصلے میں لکھا کہ یعقوب میمن کو پھانسی نہ دیتے تو ہمارا دھرم نا خوش ہوتا۔ اس فیصلے سے بھارت کا سیکولرازم کا چہرہ بے نقاب ہو گیا۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق فراہم کرے، تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے آزاد خطے میں جماعت اسلامی کا پارلیمانی رول بہت ضروری ہے، آمدہ انتخابات میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر بھرپور قوت، تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے، جماعت کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکے گا۔