پیر محل (نامہ نگار) سابق رکن صوبائی اسمبلی راؤ اقبال اور ان کے بیٹے کے قتل کا سراغ لگا لیا گیا قاتل بڑا بیٹا نکلا۔ تفصیل کے مطابق سابق رکن صوبائی اسمبلی رائو اقبال احمد خاں اور ان کے چھوٹے بیٹے سابق یونین ناظم رائو اطہر اقبال کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتارنے والا کوئی غیر نہیں رائو اقبال احمد خاں کا حقیقی بیٹا رائو اظہر اقبال نکلا جس نے مبینہ طور پر جائیداد کے لالچ میں اپنے باپ اور بھائی کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور خود موقع پر موجود رہا اور واقعہ بارے لاعلمی ظاہر کرتا رہا۔ حالات و واقعات کا جائزہ لینے کے بعد ایس ایچ او چوہدری اختر سعید نے مقتولین کی نماز جنازہ کے بعد قاتل رائو اظہر اقبال کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو ملزم نے باپ اور بھائی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ایس ایچ او چوہدری اختر سعید نے اپنی مدعیت میں قاتل اظہر اقبال کے خلاف مقدمہ کا اندراج کر لیا۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ رانا شہزادا کبر نے تھانہ پیرمحل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق رکن صوبائی اسمبلی رائو اقبال احمد خاں اور ان کے چھوٹے بیٹے سابق یونین ناظم رائو اطہر اقبال کا قتل ہونا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے باپ اور بھائی کا قاتل رائو اقبال احمد خاں کا ہی بیٹا رائو اظہر اقبال ہے جس نے گھریلو تنازعہ پر باپ اور بھائی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے بتایا کہ ملزم نے آلہ قتل برآمد کرواتے ہوئے اقرار جرم کر لیا ہے قاتل نشہ کا بھی عادی تھا۔