لاہور+ اسلام آباد+ کوئٹہ (نامہ نگار+ بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) نوشکی میں کومبنگ آپریشن شروع ہو گیا اور ایک مکان پر چھاپہ مار کر راکٹ لانچر، گولیاں، گولے اور لیویز فورس کی وردیاں برآمد کر لی گئیں اور 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 46 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن دہشت گردوں کے شہر میں داخلے کی اطلاع کے بعد کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت میں پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 15 افغان باشندوں سمیت 122مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ وہاڑی میں بھی 30 مشتبہ افراد پکڑے گئے۔ اسلام آباد کے تھانہ رمنا اور تھانہ کھنہ کے علاقوں میں پولیس، رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا، 250 گھروں کی تلاشی لی گئی۔ ادھر گجرات میں 3 افغان باشندے پکڑے گئے۔ ادھر ایف سی، پولیس اور لیویز نے مشترکہ طور کلی مینگل میں ایک مکان پر خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مارکر دوملزمان نذیر احمد ولد غیبی خان اور علائوالدین ولد غیبی خان کوحراست میں لیکر مکان سے راکٹ لانچر، راکٹ لانچر کے گولے ،گولیاں، بارودی مواد اور لیویز فورس کی وردیاں برآمد کر لئے ہیں۔ ادھر کوئٹہ میں ایف سی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران کچی بیگ میں 33 مشترکہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا اور ان کے قبضے سے دو کلاشنکوف، چار پستول اور ایک رائفل برآمد کر لی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے سیالکوٹ میں کارروائی میں داعش کا افغانی کمانڈر گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد کمانڈر عزت اللہ کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ افغانی کمانڈر سے ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ دہشت گرد پنجاب میں افغان داعش کمانڈروں سے رابطے کا ذریعہ تھا۔ دہشت گرد کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔این این آئی کے مطابق ٹنڈو آدم میں ریلوے پولیس ملازمین کی حاضر دماغی کام دکھا گئی۔ ریلوے ٹریک پر بم لگانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ دہشت گرد ٹنڈو آدم اور پالی جانے سٹیشن کے درمیان ریلوے ٹریک پر بم لگانے کی کوشش کر رہے تھے کہ ریلوے ملازمین نے دہشت گردوں کو دیکھ کر پولیس کو آگاہ کر دیا۔ پولیس کو آتا دیکھ کر دہشت گرد بارودی مواد ٹریک پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔