لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم سمیت مختلف شخصیات کی تصاویر والے جھنڈوں اور رنگ برنگی جھنڈیوں کی فروخت کیلئے وزارت داخلہ کو پالیسی بنانے کا حکم دیدیا، عدالت نے کہا ہے کہ اس مرتبہ عوام کےلئے یوم آزادی گزر جانے دیں۔ آئندہ اس مسئلے کو سنجیدہ طور پر لیں گے ۔ مسٹرجسٹس شاہد بلال حسن نے طلحہ سیف ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور سمیت ملک بھر میں وزیر اعظم نواز شریف ، عمران خان سمیت مختلف شخصیات کی تصاویر والے قومی پرچم فروخت کئے جا رہے ہیں جو قومی پرچم کا تقدس پامال کرنے کے مترادف ہے،وفاقی حکومت نے 2002ء میں نیشنل فلیگ رولز بنائے تھے لیکن آج تک ان پر عملدرآمد ہوا اور نہ ہی ان رولز کو منظر عام پر لایا گیا، حکومت کی غفلت سے اب سبز رنگ کے ساتھ ساتھ رنگ برنگی جھنڈیاں چھاپ کر اور فروخت کر کے قومی پرچم کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، انہوں نے استدعا کی کہ تصاویر والے جھنڈوں اور رنگ برنگی جھنڈیوں کی فروخت کیخلاف کریک ڈاﺅن کا حکم دیا جائے، ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس وقت کوئی حکم جاری کیا گیا تو اس پر عملدرآمد کرنا حکومت کیلئے ممکن نہیں ہو گا۔ اس مرتبہ یوم آزادی کو جیسے تیسے گزر جانے دیں، آئندہ اس مسئلے کو سنجیدہ طور پر دیکھیں گے، عدالت نے درخواست سیکرٹری داخلہ کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ اس درخواست پر تین ماہ میں قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے اور قومی پرچم کے تقدس کو برقرار رکھنے کے حوالے سے قومی پالیسی بھی وضع کی جائے۔
عدالت / پرچم پالیسی
شخصیات کی تصاویر والے جھنڈوں، رنگ برنگی جھنڈیوں کی فروخت، وزارت داخلہ پالیسی بنائے: ہائیکورٹ
Aug 12, 2016