کراچی ( وقائع نگار+نوائے وقت رپورٹ) ایران کے نائب وزیر خارجہ ڈاکٹر کاظم سجاد پوری نے کہا ہے کہ پاکستان کو قدرتی گیس کی فراہمی کے لئے ایران نے اپنے حصے کا کام مکمل کرلیا ہے،اب یہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان میں گیس پائپ لائن بچھائے ،ہمارے پاس ایسی اطلاع ہے کہ منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے چین سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے،وہ جمعرات کو پاکستان انسٹیوٹ آف انٹرنیشنل آفئیرذ (پی آئی آئی اے)میں خطاب اورحاضرین کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے۔ تاہم مسئلے کو حل کرنے کے لئے پاکستان کو خود آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے99 فیصد لوگ پاکستان سے محبت کرتے ہیں،اس کے برعکس اگر76 فیصد پاکستانی ایران کے حامی ہیں تو ہمیں سوچنا پڑے گا کہ کہیں یہ ہماری سفارت کاری کی ناکامی تو نہیں کہ24 فیصد پاکستانی ہم سے الگ تھلگ ہیں۔ یہ تاثر بھی درست نہیں ہے کہ ایران میں پاکستان کو امریکی ایجنٹ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا تاجروں کے لئے ایک دوسرے ممالک میں ویزا کا حصول آسان ہونا چاہئیے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا ایران اور پاکستان میں مضبوط تعلقات ہیں۔ انتہا پسندی اور تشدد کے خلاف دونوں کی سوچ ایک جیسی ہے۔ صرف فوجی طاقت سے ملک نہیں چل سکتے ممالک کے درمیان سماجی تعلیمی اور معاشی تعلقات بھی ضروری ہیں پاک ایران گیس منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔