معصوم لوگوں کا خون بہانے والے درندے پاک دھرتی پر بوجھ ہیں:شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت 4گھنٹے تک اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عدالتوں، یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات ،ٹریفک مینجمنٹ اورون ویلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات پر غورکیاگیا ۔اجلاس میں گمشدہ بچوںکے واقعات پر ہونے والی پیشرفت اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارکردگی کابھی جائزہ لیا گیااوراس ضمن میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ سانحہ کوئٹہ بربریت کا انتہائی دلخراش واقعہ ہے۔ معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے وحشی درندے پاک دھرتی کا بوجھ ہیں۔ اتحاد اور اتفاق کی قوت سے دہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے دہشت گردی اور انتہاپسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔پوری قوم کو مل کر دہشت گردی کے ناسو ر سے نمٹنا ہے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے زیادہ ہمت اور طاقت سے کام کرنا ہوگا۔ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم کو سیسہ پلائی دیوار بننا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عدالتوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے اورجج صاحبان کی سکیورٹی کیلئے کوئی بھی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ گم شدہ بچوں کی بازیابی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔گم شدہ بچوں کے حوالے سے مانیٹرنگ کا مستقل نظام وضع کیا جائے۔انہوںنے کہا کہ لاپتہ بچوں کی بازیابی کے حوالے سے پیشرفت کا میں خود باقاعدہ جائزہ لوں گا۔وزیراعلیٰ نے رانا مقبول احمد کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے اورفعال اورمتحرک انداز میں کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے14اگست کی تقریبات کیلئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم نہیں۔ اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے یوم آزادی کی تقریبات سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا گیااور یوم آزادی اور پرچم کشائی کی تقریبات میںشہداء کیلئے قرآن خوانی کی جائے گی ۔وزیراعلیٰ نے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ون ویلرزکیخلاف قانون کے تحت موثر کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے، میںلاہور سمیت کسی بھی شہر میں ون ویلنگ برداشت نہیں کروں گا۔ نوجوانوں کے عالمی دن پر پیغام میں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کاتابناک مستقبل ہیں اورقوم کو اپنے باصلاحیت ،ہونہار اورذہین نوجوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی فلاح وبہبود کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیںاور نوجوانوں کوبااختیار بنانے کیلئے متعدد پروگراموں پر کامیابی سے عملدر آمد کیاجارہا ہے۔ شہبازشریف نے پاکستانی طالبہ روما سیدین کو کم عمر ترین مائیکروسافٹ پروفیشنل کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے چین میں پاور سٹیشن میں ہونے والے دھماکے پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن