اسلام آباد + کراچی (نوائے وقت رپورٹ +آئی این پی) پاکستان کرکٹ کے پہلے سپر سٹار سابق ٹیسٹ کرکٹر اور لٹل ماسٹر حنیف محمد طویل علالت کے بعد81 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ہسپتال کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ لٹل ماسٹر حنیف محمد انتقال کرگئے جب کہ اس سے قبل ان کے بیٹے کی جانب سے میڈیا کو خبر دی گئی تھی کہ وہ دنیائے فانی سے کوچ کرگئے تاہم رابطہ کرنے پر ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر کے دل کی دھڑکن 6 منٹ بند رہنے کے بعد بحال ہوگئی تھی تاہم اب وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ لیجنڈری کرکٹر حنیف محمد کراچی کے مقامی ہسپتال میں زیرعلاج تھے جہاں انہیں دو روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، حنیف محمد کینسر کے مرض میں مبتلا تھے جس کا انہوں نے علاج کرایا جس کے بعد وہ صحت یاب ہوگئے تھے تاہم کئی سال بعد ایک مرتبہ پھر ان کے پھیپھڑوں میں کینسر کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہیں چند روز قبل ہی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ حنیف محمد 21 دسمبر 1934 ء کو بھارتی ریاست جونا گڑھ میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد کراچی منتقل ہوئے۔ حنیف محمد نے اکتوبر 1952 ء میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور اپنے کیرئیر میں 55 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 12 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کی بدولت 3 ہزار 915 رنز بنائے۔ حنیف محمد پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہیں سب سے طویل اننگز اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے، 1957 ء میں انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 337 رنز بنائے اور کریز پر970 منٹ تک کھڑا رہنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا، یہی نہیں انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 499 رنز کی اننگز کھیل کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ جسے بعد میں برائن لارا نے توڑا۔ حنیف محمد بیٹنگ کے علاوہ بولنگ اور وکٹ کیپنگ میں بھی نمایاں تھے جب کہ انہیں ریورس سوئپ کا موجد بھی کہا جاتا ہے۔ حنیف محمد کے چھوٹے قد کی وجہ سے انہیں کرکٹ سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنی خدا داد صلاحیتوں کی وجہ سے ناقدین کو ناصرف خاموش کرایا بلکہ لٹل ماسٹر کے نام سے بھی مشہور ہوئے۔ یہ خطاب انہیں بھارتی کمنٹیٹرز مہاراج کمار آف وزیانگرم اور طالیار خان نے دیا تھا۔ اس میچ میں بھارتی وزیراعظم جواہر لعل نہرو بھی موجود تھے۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ساڑھے تین دن تک بلے بازی کرکے عالمی ریکارڈ بنایا۔ لیجنڈری حنیف محمد کے 4 بھائی وزیر محمد، رئیس محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد جب کہ ایک بیٹا شعیب محمد اور ایک پوتا شہزار محمد کرکٹ سے وابستہ رہے۔ اسلام آباد سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے حنیف محمد کے بیٹے شعیب محمد کو فون کیا اور ان سے حنیف محمد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک لیجنڈ سے محروم ہو گیا۔ حنیف محمد کی نماز جنازہ آج الہلال سوسائٹی کراچی میں بعد از نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔ کرکٹر حنیف محمد کے انتقال پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے حنیف محمد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور دعا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ ق لیگ کے رہنما چودھری شجاعت نے بھی حنیف محمد کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی اللہ تعالیٰ اہل خانہ کو صبر جمیل اور مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور لیاقت بلوچ نے بھی لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد کے انتقال پر مرحوم کے خاندان اور چاہنے والوں سے دلی ہمدردی، تعزیت اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے سابق ٹیسٹ کرکٹر کے انتقال پر انکے خاندان کے ساتھ گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بلند درجات کے لیے دعا کی۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ حنیف محمد ایک لیجنڈ کھلاڑی ہیں جنہیں ہمیشہ بطور لیجنڈ ہی یاد رکھا جائے گا۔ اﷲ تعالٰی انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا کرے۔ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ حنیف محمد کے انتقال سے پاکستان ایک بڑے کھلاڑی سے محروم ہو گیا ہے۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے ایک عظیم کھلاڑی رہے ہیں، انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ حنیف محمد کے بڑے بیٹے شعیب محمد اور انکے خاندان کے ساتھ ہماری ہمدردیاں شامل ہیں، اﷲ تعالٰی خاندان کے افراد کو بڑا صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔
لیجنڈکرکٹرلٹل ماسٹر حنیف محمد طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے
Aug 12, 2016