لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز وہ خاتون ہیں جنہوں نے مشرف آمریت سے ٹکر لی اور جرا¿ت استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوازشریف کے شیدائیوں کو ملک بھر میں اکٹھا کیا۔ این اے 120 کا الیکشن جیت کر وہ نوازشریف کی نشست واپس لیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی‘ ماجد ظہور ایم پی اے‘ حافظ محمد نعمان‘ میاں طارق و دیگر موجود تھے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے مزید کہا کہ نوازشریف حق پر ہیں۔ وہ قوم کے پاس یہ سوال لیکر گئے ہیں کہ اس ملک میں حق حکمرانی کس کے پاس ہے۔ کروڑوں ووٹوں سے منتخب ہونے والے کو جس طرح گھر بھیجا گیا عوام نے اس فیصلے کو رد کر دیا ہے۔ سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ حق کی جیت ہوگی اور ووٹ کا تقدس بحال کروایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف دلوں کے وزیراعظم ہیں۔ وہ ہمارے رہبر اور لیڈر بن کر رہنمائی کرتے رہیں گے۔ میاں ماجد ظہور ایم پی اے نے کہا کہ جس طرح الیکشن 2013ءمیں میاں نوازشریف اور ان کے سپاہی کامیاب ہوئے تھے 17 ستمبر کا الیکشن بھی اس طرح اکثریت سے بیگم کلثوم نواز جیتیں گی۔
صفدر