شمالی کوریاکا وہ حشر کرینگے جو اس نے سوچا بھی نہ ہوگا: ٹرمپ

Aug 12, 2017

نیو جرسی (صباح نیوز+اے ایف پی+نیٹ نیوز)امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ بدھ کے روز کا انتباہ شمالی کوریا کیلئے کافی نہیں سخت نہیں تھا۔ پیانگ یانگ کے ساتھ کیا کرنیوالے ہیں وقت بتائے گا۔ کسی بھی صورت میں اسے ایٹمی طاقت بننے نہیں دیں گے۔امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر کا کہنا تھاکہ شمالی کوریا نے رویہ نہ بدلا تو ان کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا ماضی کے امریکی صدور بش یا اوباماکی طرح یہ نہیں بتائیں گے کہ وہ پیانگ یانگ کے ساتھ کیا کرنیوالے ہیں یہ صرف وقت ہی بتائے گا۔ ایک سوال پر ٹرمپ نے کہاکہ وہ شمالی کوریا سے مذاکرات کو ترجیح دیں گے۔ ماضی کے صدور نے پیانگ یانگ سے مذاکرات کئے جن کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ ٹرمپ نے کہاکہ شمالی کوریا ایک سانحے کی طرف بڑھ رہاہے لیکن اسے اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔گوام میں ایٹمی دھمکی سے متعلق سوال پر امریکی صدر کا کہنا تھاکہ پیانگ یانگ نے گوام میں کچھ کرنے کا سوچا بھی تو شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان کو وہ سزا دی جائےگی کہ وہ زندگی بھر یاد رکھے گا۔صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین شمالی کوریا کے مسئلے پر بہت کچھ کرسکتا ہے جبکہ بیجنگ شمالی کوریا پر دباﺅ ڈال کر اس کا ایٹمی پروگرام ختم کراسکتا ہے۔ٹرمپ نے کہا اگر شمالی کوریا کی حکومت نے اپنی سمت درست نہیں کی تو وہ اس طرح مشکل میں پھنسے گا جیسے شاید ہی دنیا میں کوئی دوسرا ملک پھنسا ہو۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں آپ کو بتاتا ہوں اس کا وہ حشر ہو گا جو انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں ہو گا۔ آسٹریلوی وزیر اعظم میلکوم ٹرنبل نے کہا ہے اگر شمالی کوریا نے امریکہ پر حملہ کیا تو ہم واشنگٹن کا ساتھ دیں گے ۔ انہوں نے کہا امریکہ کو آسٹریلیا سے زیادہ مضبوط اتحادی نہیں ملے گا۔ امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے خبر دار کیا ہے شمالیکوریا کیساتھ جنگ تباہ کن ہو گی تا ہم سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا فوجی آپریشنز کو تیار رکھنا میری ذمہ داری ہے کیونکہ ہو سکتا ہے انکی ضرورت پڑ جائے لیکن ابھی ہماری پوری توجہ سفارتکاری پر مرکوز ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران عالمی جوہری معاہدے پر اسکی روح کے مطابق عمل نہیں کر رہا۔دوسری جانب امریکی حکام نے شمالی کوریا کے ممکنہ ایٹمی حملے سے خوفزدہ ہو کر ریاست ہوائی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے ریاست ہوائی کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن الرٹ کر تے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شمالی کوریا کے ایٹمی حملے کی صورت میں پناہ گاہوں میں جانے کے لئے تیار رہیں۔حکام کے اندازوں کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے فائر کئے جانے والے میزائل صرف بیس منٹ میں ہوائی تک پہنچ سکتے ہیں۔

مزیدخبریں