اسلام آباد( نیو زڈیسک ) پاکستان اور جرمنی کے درمیان ترقیاتی تعاون پر مشاورت کا آغاز ستمبر 2015 میں ہوا۔ اس ضمن میں چھوٹے طبقے کی آمدن میں تعاون اور اسکے فروغ کے پروگرام (ایل اے سی آئی پی) کے دوسرے مرحلے میں ایک کروڑ یورو فراہم کئے گئے ہیں۔ اس منصوبے کو تین سال میں مکمل کیا جائے گا جس کی بدولت تحصیل اور کونسل کی سطح پر دیہات کے لوگوں کو آمدن میں بہتری اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے بڑے پیمانے پر فیصلہ سازی میں مدد ملے گی۔ خیبرپختونخوا کے منتخب اضلاع میں اس پروگرام کو اس طرح تیار کیا گیا ہے جس سے مقامی سطح پر اصلاحات لانے میں مدد ملے گی۔ ایل اے سی آئی پی پروگرام کے پہلے مرحلے میں 31.5 ملین یورو فراہم کئے گئے اور یہ پروگرام دسمبر 2017 تک مکمل ہو جائیگا ۔ پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) نے ایل اے سی آئی پی پروجیکٹ کے لئے جرمن ترقیاتی بینک کے ایف ڈبلیو (KfW)کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ، اس پروجیکٹ کے لئے کے ایف ڈبلیو نے سرمایہ فراہم کیا ہے۔ جرمن ترقیاتی بینک میں گورننس اینڈ پیس ڈیویژن کے حکام میں شامل ایلکے میٹزن نے حال ہی میں اسلام آباد کا دورہ کیا اور اس منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لئے دس ملین یورو کی مالیت کا نیا معاہدہ کیا ہے۔
پسماندہ علا قوں میں انفراسٹریکچر کی فراہمی کیلئے پی پی اے ایف اور جرمن ترقیاتی بینک کے درمیان معاہدہ
Aug 12, 2017