دوہری شہریت کیس: مشیر وزیر اعلیٰ سندھ نادیہ گبول، سابق ایم این اے فرح ناز اصفہانی کے وارنٹ گرفتاری جاری

Aug 12, 2017 | 20:08

ویب ڈیسک

مقامی عدالت نے دوہری شہریت رکھنے والے ارکان اسمبلی کےخلاف کریمنل کارروائی کے معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر نادیہ گبول اور سابق ایم این اے فرح ناز اصفہانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ کراچی کی مقامی عدالت میں دوہری شہریت رکھنے والے پیپلز پارٹی کی دونوں رہنماﺅں کےخلاف کریمنل کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔ اس موقع پر سابق ایم این اے کے وکیل نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ فرح ناز اصفہانی علاج کے باعث ملک سے باہر ہیں لہٰذا انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر پراسیکیوٹر الیکشن کمشن میمونہ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ملزموں کی جانب سے جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں،ان کی درخواست مسترد کی جائے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے 2012 میں دوہری شہریت رکھنے اور جھوٹا حلف نامہ داخل کرنے پرسیاسی رہنماؤں کو الیکشن کے لئے نا اہل قرار دیا تھا۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد وزیراعلیٰ کی مشیر نادیہ گبول اور سابق ایم این اے فرح ناز اصفہانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں یکم ستمبر تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے فرح ناز کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔

مزیدخبریں