اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت +اے این این) سپریم کورٹ میں اصغر خان کیس بدھ ( 15 اگست) کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل 3 رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ نے اس سلسلے میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو نوٹس جاری کر دیا۔ دوسری جانب سابق آرمی چیف اسلم بیگ‘ سابق ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی‘ اٹارنی جنرل اور ڈی جی فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو بھی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ 1990ءکی انتخابی مہم کے حوالے سے یہ الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس انتخابی مہم کے دوران اسلامی جمہوری اتحاد میں شامل جماعتوں اور رہنماﺅں میں پیسے تقسیم کئے گئے۔ اس حوالے سے ایئر فورس کے سابق سربراہ اصغر خان مرحوم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے اصغر خان کیس میں ایف آئی اے سے پیشرفت رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ دریں اثنا سپریم کورٹ نے مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ بدھ کو سماعت کرے گا۔ عدالت نے وفاق‘ وزارت بین الصوبائی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ مصطفی کمال نے انتخابات سے قبل مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں کو چیلنج کیا تھا۔
سپریم کورٹ