لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور کی سیشن عدالت نے مسلم لیگ (ن)کے خلاف مبینہ طور پرجانب دارانہ اقدامات پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری اور وزیر داخلہ شوکت جاوید کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لئے دائر درخواست پر سماعت کے بعد نوٹس جاری کردیا۔ایڈیشنل سیشن جج محمد عارف مجاہد نے سابق وزیر تعلیم رانا مشہود کی درخواست پر سماعت کی اور دونوں فریق کے وکلا کو آئندہ سماعت میں بحث کے لئے طلب کرلیا۔ رانا مشہود نے درخواست میں کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب، مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں کےخلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف عمل رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔انھوں نے حسن عسکری پر الزام عائد کیا کہ نگران وزیراعلی پنجاب نے مسلم لیگ(ن) کی انتخابی مہم کو متاثر کیا ، درخواست گزاررانا مشہود نے کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب حسن عسکری اور نگران وزیر داخلہ شوکت سلطان نے 13 جولائی کو نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے استقبال کے لیے ہونے والی ریلی کو منتشر کرایا۔ مسلم لیگ (ن)کے رہنما نے کہا کہ نگراں وزیراعلی کے خلاف تھانہ شیرا کورٹ میں درخواست دی مگر مقدمہ درج نہیں کیا گیا اس لیے عدالت نگران وزیر اعلی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔عدالت نے نگراں وزیراعلی پنجاب حسن عسکری اور نگران وزیر داخلہ شوکت جاوید سمیت تمام فریقین کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کردی۔